رسول ﷺ نے انسانیت کو توحید کی راہ دکھائی: ناظمِ شہر ڈاکٹر مبشر احمد
جماعت اسلامی ہند، شیخ پیٹ کے زیرِ اہتمام مسجدِ سعیدہ میں منعقدہ خصوصی پروگرام ’’سیرتِ رسول ﷺ کا پیغام‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے ناظمِ شہر ڈاکٹر مبشر احمد نے کہا کہ سیرتِ رسول ﷺ ہماری دعوت، تربیت اور جدوجہد کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ آپ ﷺ نے انسانیت کو توحید، عدل، امن اور اخلاق کی راہ دکھائی اور صحابہؓ کی ایسی تربیت فرمائی کہ وہ دین کی خدمت کے اہل بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ توحید ایمان، عبادات، اخلاص، تقویٰ اور استقامت کی بنیاد ہے، جبکہ اخوت و اجتماعیت اس کے اہم تقاضے ہیں۔ سیرتِ رسول ﷺ کا حقیقی تقاضا اسے زندگی میں نافذ کرنا اور آپ ﷺ کے مشن کو اپنا مشن بنانا ہے۔
امیرِ مقامی ڈاکٹر ایس ایم فصیح اللہ نے کہا کہ سیرتِ رسول ﷺ کی کتابوں کا مطالعہ، کثرتِ ذکر و درود اور کم از کم ایک سنت کو شعوری طور پر مستقل زندگی کا حصہ بنانا محبتِ رسول ﷺ کا عملی اظہار ہے۔
پروگرام کا آغاز جناب علیم الدین احمد کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ جناب الیاس احمد شکیل نے درسِ حدیث پیش کیا، جبکہ نظامت جناب شرف الدین نے انجام دی۔
