جماعت اسلامی ہند،شہر حیدرآباد کی جانب سے “احترامِ انسانیت” کے عنوان سے 18 جنوری سے 31 جنوری تک جاری رہنے والی مہم کا اختتامی پروگرام آج 31 جنوری بعد نمازِ عشاء ایک عظیم الشان جلسے (پبلک کنونشن) کی شکل میں برنداون کالونی گراونڈ نزد مسجد فاطمہ منعقد ہوا۔ یہ اجتماع شہر کی چھ مقامی جماعتوں ٹولی چوکی , شیخ پیٹ، منی کنڈا، گولکنڈہ، نانل نگر اور برنداون کالونی کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جس میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر شہر کی کئی معزز شخصیات موجود رہیں جن میں ڈاکٹر مبشر احمد صاحب، ناظم شہر جماعت اسلامی ہند، جناب ایڈوکیٹ غیاث الدین صاحب، صدر برنداون کالونی ویلفیئر ایسوسی ایشن، محترمہ خالدہ پروین صاحبہ (سوشل ایکٹیوسٹ)، ڈاکٹر ممتاز علی صاحب، سابق پرنسپل انوار العلوم کالج انور خان صاحب، جناب آصف سہیل صاحب، ایس ایچ او رمیش نائک صاحب اور اے سی پی پولیس جناب سید فیاض صاحب شامل تھے۔
مقررین نے اپنے خطابات میں اس بات پر زور دیا کہ شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پانے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں اور سماج کے ہر فرد کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ جناب فصیح اللہ صاحب نے مہم کا تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ جماعت اسلامی ہند نے احترامِ انسانیت کے پیغام کو عام کرنے کے لیے سماج میں بیداری کی مہم چلائی ہے، جس میں ہر طبقے کی شمولیت ضروری ہے۔
اختتامی خطاب مسجد عزیزیہ کے خطیب محترم اعجاز محی الدین وسیم صاحب نے کیا۔ انہوں نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں تفصیلا انسانی احترام، معاشرتی اخلاق اور بچوں کی تربیت کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام بدگمانی، تجسس، طعنہ زنی اور غیبت جیسے اعمال سے سختی سے روکتا ہے، کیونکہ یہی برائیاں معاشرتی بگاڑ اور سنگین جرائم کا سبب بنتی ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ قرآن و سنت، خصوصاً حضرت لقمانؑ کی نصیحتوں کی روشنی میں بچوں کی تربیت کریں تاکہ ایک صالح اور پرامن معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
#UpholdHumanDignity#EhteramEInsaniyat
#JIHHyderabad#PublicMeeting#socialawareness
