We will keep you informed of all the news=*ہر خبر سے رکھیں ہم آپ کو با خبر*

May be an image of ‎text that says '‎نا UNA NEWS ts سنللا ملمپر سنللابورڈکا بورڈکا ملمپرسنللابورڈکا بڑا اعلان ๐พ UNA. ชา NEWS าฟี.๑๐๑๑ بڑااعلان! کے مسلمانوںکے حقوق، مساجد مساجدومدارس- کتحفظکےلیے تفظ مساجدوملارسکےتحفظکےلے تحریک ملکگیرتحریکچلےگی۔‎'‎

نئی دہلی میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی مجلسِ عاملہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں مسلمانوں کو درپیش مسائل، مساجد و مدارس کے خلاف کارروائیوں، یونیفارم سول کوڈ (UCC)، وندے ماترم اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی غور و خوض کے بعد کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

مجلسِ عاملہ نے ملک میں بڑھتے ہوئے فرقہ وارانہ ماحول، مسلمانوں کے خلاف ہجومی تشدد، مساجد و مدارس کے انہدام، بلڈوزر کارروائیوں اور بنیادی حقوق کی مبینہ پامالی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ مسلمانوں کی جان و مال، عزت و آبرو، مذہبی آزادی اور پرسنل لا کو مختلف سطحوں پر چیلنجز کا سامنا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک کی موجودہ صورتحال اور مسلمانوں کو درپیش مسائل پر ایک جامع دستاویز تیار کر کے شائع کی جائے گی، تاکہ ملک کے انصاف پسند اور جمہوری اقدار کے حامل طبقات کو صورتِ حال سے آگاہ کیا جا سکے۔

کمال مولی مسجد/بھوج شالہ مقدمے کے حوالے سے مجلسِ عاملہ نے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے فیصلے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ سپریم کورٹ میں جاری قانونی جدوجہد میں مسجد کمیٹی کی مکمل معاونت کرے گا۔

اجلاس میں وندے ماترم کو لازمی قرار دینے کی کوششوں کی بھی مخالفت کی گئی اور کہا گیا کہ اگر اس سلسلے میں کوئی ایسا قانون بنایا گیا جو شہریوں یا طلبہ پر اس کی پابندی عائد کرے تو بورڈ قانونی چارہ جوئی کرے گا۔

مجلسِ عاملہ نے مختلف ریاستوں میں یونیفارم سول کوڈ نافذ کرنے کی کوششوں پر بھی اعتراض کرتے ہوئے اسے مذہبی آزادی اور ملک کے کثرت پسند معاشرتی ڈھانچے کے منافی قرار دیا۔ بورڈ نے اعلان کیا کہ ایسے قوانین کے خلاف قانونی جنگ جاری رکھی جائے گی۔

اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ مسلمانوں کے حقوق، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، جمہوری اقدار اور مذہبی آزادی کے تحفظ کے لیے ملک گیر سطح پر ایک منظم تحریک چلائی جائے گی، جس کے لیے ایک خصوصی مجلسِ عمل بھی تشکیل دی جا رہی ہے۔